پاکستان اٹلی تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ہوا، سٹیٹ بینک

54
State Bank

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):پاکستان اوراٹلی کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے چارماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، جاری مالی سال میں اٹلی کو پاکستانی برآمدات میں 42.45 فیصد اوراٹلی سے درآمدات میں 44.31 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چارماہ میں اٹلی کوپاکستانی برآمدات کاحجم 327.87 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 42.45 فیصدزیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں اٹلی کوپاکستانی برآمدات کاحجم 230.17 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔ اکتوبر2021 میں اٹلی کوپاکستانی برآمدات کاحجم 75.09 ملین ڈالر رہا جوگزشتہ سال اکتوبرکے مقابلہ میں زیادہ ہے۔

اکتوبر2020 میں اٹلی کو62.31 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔مالی سال 2021 میں اٹلی کوپاکستان کی مجموعی برآمدات کاحجم 773.61 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا ۔

اعداد وشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے چارہ میں اٹلی سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 44.31 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔ اس مدت میں اٹلی سے 230.56 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 159.76 ملین ڈالرتھیں۔

اکتوبر2021 میں اٹلی سے 48.80 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی جو گزشتہ سال اکتوبرمیں 35.86 ملین ڈالرتھیں۔مالی سال 2021 میں اٹلی سے درآمدات کاکل حجم 568 ملین ڈالرتھا۔