پاکستان اپنی 8 ویں مدت (26-2025) کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے منتخب رکن کے طور پر جولائی 2025 کے لیے سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال رہا ہے،اسحاق ڈار

43
Deputy Prime Minister
Deputy Prime Minister

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آج پاکستان اپنی 8 ویں مدت (26-2025) کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے منتخب رکن کے طور پر جولائی 2025 کے لیے سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال رہا ہے۔ نائب وزیر اعظم نے منگل کو ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ پاکستان یہ ذمہ داری عاجزی، یقین اور اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور کثیرالجہتی کے لیے گہری وابستگی کے ساتھ نبھائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری صدارت دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے تنازعات اور انسانی بحرانوں کے وقت آئی ہے، ہم سلامتی کونسل کو بات چیت، سفارت کاری اور پرامن تنازعات کے حل پر مبنی جوابدہ اور موثر کارروائی کی طرف لے جانے کی کوشش کریں گے۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ وہ رواں ماہ دو اعلیٰ سطحی دستخطی پروگراموں کی صدارت کریں گے جن میں کثیرالجہتی اور تنازعات کے پرامن تصفیے کے ذریعے بین الاقوامی امن اور سلامتی کی بحالی اور اقوام متحدہ اور او آئی سی کے درمیان تعاون میں فلسطین پر سہ ماہی کھلی بحث کی صدارت شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے تمام ممبران کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے تاکہ جامع، متوازن اور عمل پر مبنی نتائج حاصل کیے جاسکیں۔