دوشنبے۔30مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلیشیئرز کے تحفظ کو پاکستان کےلئے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں پانی کا دارومدار گلیشیئرز پرہے ،ماحولیاتی تبدیلیو ں کے اثرات کے نتیجہ میں پاکستان کے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں،ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کےلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں،پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ کرے گانہ ہی بھارت کوریڈ لائن کراس کرنے دے گا۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں گلیشیئرز کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس (آئی جی سی پی 2025)سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے گلیشیئرز کے تحفظ اور چیلنجز پر جامع گفتگو پر تاجک صدر کو مبارک باد دی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پولورینجز کے بعد دنیا کا سب سے بڑا گلیشیئرز والا علاقہ ہے،پاکستان میں 13ہزار گلیشیئرز ہیں،گلیشیئرز کا تحفظ ہمارے لئے بہت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پانی کا نصف حصہ گلیشیئرز سے حاصل ہوتا ہے،انڈس ریور سسٹم ہماری لائف لائن ہے اورہماری تہذیب ، ثقافت اور معیشت کا اس پر دارومدار ہے ، پاکستان کے 5 بڑے دریائوں کا پانی گلیشیئرز کا مرہون منت ہے ،ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے نتیجے میں پاکستان کے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں ،2022 میں ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سیلاب اور طوفانی بارشوں کا سامنا کرنا پڑا، ملک بھرمیں لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ، ہزاروں گھرملیا میٹ ہوگئے اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا فضا میں زہریلی گیسوں کے اخراج میں حصہ نصف فیصد سے بھی کم ہے لیکن پاکستان دنیا کے ان 10 ملکوں میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث ایکو سسٹم بھی متاثر ہورہا ہے،ترقی یافتہ ملک ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجزسے نمٹنے کےلئے اپنی ذمہ داریاں پور ی کریں،اس سلسلے میں فوری اورعملی اقدامات ناگزیر ہیں ،ترقی یافتہ ممالک ترقی پذیرملکوں میں ارلی وارننگ سسٹم اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ میں سرمایہ کاری بڑھائیں کیونکہ مستقبل میں بھی ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث بڑی تباہی کا خطرہ موجود ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری اس ضمن میں اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرے اور اپنے وعدوں پر فوری عملدرآمد کرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پانی کوہتھیار کے طور پر بھی استعمال کیا جارہا ہے۔بھارت کا سندھ طاس معاہدے کو اپنے تنگ نظر سیاسی مفادات کے لئے یک طرفہ طور پر معطل کرنے کا فیصلہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اوربھارت کو ریڈ لائن کراس نہیں کرنے دیگا۔وزیراعظم نے کہا کہ گلیشیئرز کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانا ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603157