اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) پاکستان اکانومی واچ کے چئیرمین بریگیڈیئر(ر) محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے اوراربوں ڈالر کے معاہدوں کے بعد پاکستان میں تعمیر اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ منگل کویہاں جاری بیان میں انہوںنے کہاکہ سعودی فیصلوں سے معیشت مستحکم ہوگی، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اوراقتصادی انقلاب کی راہ ہموار ہوگی، دو ہزار سے زیادہ قیدیوں کی فوری رہائی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ چین کے بعد سعودی عرب سے تعلقات میں معیشت کو ترجیح دینا خوش آئند ہے جس سے نئے پاکستان کے وژن میں مدد ملے گی جبکہ دیگر ممالک بھی سرمایہ کاری کے لئے راغب ہونگے، حکومت سعودی عرب میںروزگار اور ترسیلات میں اضافہ ،حج سستا کرنے اور سبسڈی کی بحالی پر غور کرے۔ انھوں نے کہا ہے پلوامہ حملے کے بعد بھارت کی دھمکیوں اور تجارتی پابندیوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے، اگر مودی سرکار نے سستی شہرت کے لئے دھمکیوں سے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو اسے پاک فوج ناقابل فراموش سبق سکھا دے گی۔