24.2 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا متعدد مراعات اور سہولیات کا اعلان

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا متعدد مراعات اور سہولیات کا اعلان

- Advertisement -

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ (این جی آئی اے پی) کو سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کے لیے ایک پرکشش مرکز بنانے کے لیے متعدد مراعات اور سہولیات کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے حکام کے مطابق یہ اقدام گوادر کو خطے میں تجارت اور لاجسٹکس کا اہم مرکز بنانے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے ۔

اتھارٹی کے کمرشل ڈائریکٹوریٹ کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے جس نے پرکشش کاروباری مراعات اور سہولیات کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔ پی اے اے کے کمرشل ڈائریکٹوریٹ نے این جی آئی اے پی پر کاروباری ترقی کے لیے ایک منفرد اور سستا پلیٹ فارم پیش کیا ہے جس میں دی گئی مراعات میں کم لاگت پر جگہ کی فراہمی، لینڈنگ اور پارکنگ فیس سے مکمل استثنیٰ، نیز نیویگیشن چارجز پر رعایت، زمین کی وسیع دستیابی، کارگو ولیج اور مستقبل کی تجارتی ترقی کے لیے 145 ایکڑ اور 157 ایکڑ اراضی تک رسائی، ڈیوٹی فری اور کمرشل زونز، ٹرمینل بلڈنگ میں ڈیوٹی فری شاپس، ریٹیل آئوٹ لیٹس، ریستوران اور پریمیم لائونجز کے لیے جگہ کی دستیابی شامل ہیں ۔ انفراسٹرکچر کی ترقی کے ہمراہ ہوٹلز، گوداموں، کولڈ سٹوریج، فیول فارمز اور مینٹیننس ریپیئر اوورہال (ایم آر او) سہولیات کے لیے مخصوص پلاٹس فراہم کئے جائیں گے۔

- Advertisement -

ابتدائی طور پر سالانہ 400,000 مسافروں کی گنجائش ہے جسے مستقبل میں 1.6 ملین تک بڑھایا جا سکتا ہے ۔ یہ ایئرپورٹ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جو گوادر کو مشرق وسطیٰ، وسطی ایشیا، چین اور دیگر خطوں سے جوڑے گا۔ اس کا 3.6 کلومیٹر لمبا رن وے بوئنگ 747 اور ایئربس A380 جیسے بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے لیے موزوں ہے ۔ پی اے اے نے عالمی معیار کے انفراسٹر کچر اور جدید سہولیات کے ساتھ این جی آئی اے پی کو ایک موثر کاروباری مرکز کے طور پر فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔

اس منصوبے سے نہ صرف مقامی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ یہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے بھی ایک سنہری موقع ہے ۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پاکستان کے سب سے بڑے ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے، یہ منصوبہ گوادر کی معاشی ترقی اور خطے میں تجارتی رابطوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں