پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کی ہوائی اڈوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیےکوششیں تیز

40
پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کی ہوائی اڈوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیےکوششیں تیز

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی (پی اے اے)کے آئی ٹی شعبہ نے ہوائی اڈوں کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی حل اپنانے کی کوششیں تیز کردیں۔ پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق آئی ٹی شعبہ نے ہوائی اڈوں کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی حل اپنانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔

اس ضمن میں اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے آئی ٹی برانچ نے خودکار نظاموں اور تکنیکی تبدیلی کی جانب پیش قدمی کی حکمت عملی کے تحت ہوائی اڈوں کے انتظامات کو بہتر بنانے اور مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید ترین مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی حل اپنانے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔

معروف چینی ملٹی نیشنل کمپنی ہواوے کی دعوت پرآئی ٹی برانچ نے الیکٹریکل اینڈ مکینیکل (ای اینڈ ایم) اور مواصلات، نیویگیشن اور نگرانی (سی این ایس) ڈائریکٹوریٹس کے اشتراک سے ہواوے کے مرکز کا دورہ کیا۔ اس ملاقات کا مقصد ہوائی اڈے کے عملی تقاضوں کا جائزہ لینا اور "ایئرپورٹ 5.0” ماڈل کو عملی شکل دینے کے لیے باہمی تعاون کے ممکنہ راستوں کو تلاش کرنا تھا۔ یہ اقدام پی اے اے کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر ہوائی اڈوں کے نظام کو مزید موثر اور مسافر دوست بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔