اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایران میں اپنے شہریوں کی بے رحمانہ اور بزدلانہ ہلاکت کی شدید مذمت کرتا ہے، امید ہے کہ ایرانی حکام معاملے کی تحقیقات اور متوفی کی باقیات کی بروقت وطن واپسی میں مکمل تعاون کریں گے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی سرحد سے تقریبا 230 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ایران کے صوبہ سیستان، بلوچستان کی مہرستان کائونٹی میں گزشتہ روز آٹھ پاکستانی شہریوں کو بے دردی کے ساتھ قتل کر دیا گیا، ہمارے مشن نے پہلے ہی ان کی شناخت کی تصدیق کے لئے قونصلر رسائی کی درخواست کر دی ہے۔
پاکستان کی قیادت اور عوام اس المناک واقعے پر گہرے دکھ اور پریشانی کا اظہار کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے مقتولین کے اہل خانہ کے ساتھ اپنی دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ نائب وزیر اعظم/ وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی ہدایت پر تہران میں ہمارا سفارت خانہ اور زاہدان میں ہمارا قونصل خانہ جامع تحقیقات کے لیے ایرانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے ساتھ ساتھ مقتولین کی میتوں کو فوری طور پر پاکستان واپس لایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران میں اپنے شہریوں کی بے رحمانہ اور بزدلانہ ہلاکت کی شدید مذمت کرتا ہے، امید ہے کہ ایرانی حکام معاملے کی تحقیقات اور متوفی کی باقیات کی بروقت واپسی میں مکمل تعاون کریں گے۔ مزید تفصیلات دستیاب ہوتے ہی مقتولین کی شناخت اور ان کی المناک واقعہ کی وجوہات سے متعلق اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581394