پاکستان ایران پارلیمنٹری فرینڈ شپ گروپ کے وفدکی چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور سینیٹر شیری رحمان سے ملاقات

97

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ایران پارلیمنٹری فرینڈ شپ گروپ کے وفد نے چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور سینیٹر شیری رحمان سے ملاقات کی ۔ایرانی وفد کی قیادت ایران پاکستان پارلیمنٹری فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ احمد امیر آبادی فرحانی نے کی ۔

ایرانی وفد میں محسن پیرھادی، اسماعیل حسین زیدی، الہام آزاد اور مالک فضیلی اور دیگر شامل رہے ۔ملاقات میں پاکستان ایران تعلقات، پارلیمانی سطح پر تعاون اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چیئرپرسن شیری رحمان نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارے مضبوط سفارتی اور ثقافتی تعلقات ہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ شروع کیا،مجھے امید ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان مزید پارلیمانی اجلاس اور تبادلے ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ایران مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھی ہیں،دونوں ممالک کے درمیان رواداری قابل تحسین ہیں،دوطرفہ تجارت اور کاروباری روابط کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے،ہم ایران کے ساتھ مضبوط دوطرفہ تعلقات استوار کرنے کے منتظر ہیں۔