پاکستان ایران کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

98
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی متاثرہ ملازمین کی بحالی کیلئے احکامات اورسفارشات پرعمل درآمد کی رولنگ

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ، ایران پاکستان کا اہم ہمسایہ ملک ہے۔ انہوں نے حالیہ سیلاب اور کوہ سلیمان کے پہاڑوں میں آگ لگنے کے واقعہ کے دوران ایرانی حکومت کی بروقت امداد پر شکریہ ادا کیا ، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے ایران کی مجلس شوریٰ اسلامی کی پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سکیورٹی اور خارجہ پالیسی کے چیئرپرسن واحد جلال زادہ کی سربراہی میں ایرانی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وفد کے دیگر ارکان میں ایران کے پارلیمان میں پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سکیورٹی اور خارجہ پالیسی کے ممبر ابوفضل اموائی، ایران کی پارلیمان میں قائم ایران پاکستان فرینڈ شپ گروپ کے ممبر رمضان علی سنگدونی اور سیکرٹری نیشل سکیورٹی اور خارجہ پالیسی کمیشن حسین اسدی شامل تھے ۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان کے آئین کی گولڈن جوبلی کے مناسبت سے منعقدہ بین الاقوامی آئینی کنونشن میں شرکت پر ایرانی وفد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی ، تجارتی اور ثقافتی وفود کے تبادلوں پر زور دیا ۔

انہوں نے دونوں پارلیمانوں میں رابطوں کو دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے اہم قرار دیا ۔ایران کی پارلیمان میں پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سکیورٹی اور خارجہ پالیسی کے چیر پرسن واحد جلال زادہ نے کامیاب کنونشن کے انعقاد پر ڈپٹی سپیکر کو مبارکباد دی اور ان کو ایران کے دورے کی دعوت دی ۔ انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے پرتپاک خیر مقدم اور بین الاقوامی آئینی کنونشن میں شرکت کی دعوت دینے پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں کرغزستان کی سپریم کونسل کی پارلیمانی کمیٹی برائے انٹرنیشنل افیئرز، ڈیفنس سکیورٹی اینڈ امیگریشن کے چیئرمین عطازوف شیلبوک کی سربراہی میں آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے منعقدہ بین الاقوامی آئینی کنونشن میں شرکت کیلئے آئے ہوئے کرغزستان کے پارلیمان وفد نے بھی ڈپٹی سپیکر سے ملاقات کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرام درانی نے بین الاقوامی آئینی کنونشن میں شرکت پر وفد کا شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے کرغزستان کی حکومت کی جانب سے کرغزستان میں زیر تعلیم پاکستانی طلبا کو بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی پر کرغزستان کی حکومت کا شکریہ ادر کرتے ہوئے کہا کہ ان طلباء میں ایک بڑی تعداد کا تعلق خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع سے ہے اور وہ کرغزستان کی حکومت کی جانب سے دی جانے والی سہولیات سے مطمئن ہیں ۔ انہوں نے دونوں ممالک میں پارلیمانی رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں کے فروغ سے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کے مواقعے حاصل ہوں گے اور ہم آہنگی میں اضافہ ہو گا ۔

انہوں نے دونوں ممالک میں تجارتی و اقتصادی تعاون کو بھی فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔کرغزستان کی سپریم کونسل کی پارلیمانی کمیٹی برائے انٹرنیشنل افیئرز ،ڈیفنس سکیورٹی اینڈ امیگریشن کے چیئرمین عطازوف شیلبوک نے پاکستان میں کرغزستان کے وفد کے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کرنے اور اس اہم کنونشن میں شرکت کرنے پر انہیں دلی خوشی ہوئی ہے ، پاکستان ہمار ا بردار ملک ہے اور کرغزستان پاکستان کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسے مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے ۔

انہوں نے دونوں ممالک میں سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کرغزستان میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں جن سے پاکستانی سرمایہ کار مستفید ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کو کرغزستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی ۔اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی/سیکرٹری وومن پارلیمانی کاکس شاہدہ رحمانی بھی موجود تھیں ۔