لاہور۔12فروری (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے،پاک ایران دوستی خطے کے استحکام کیلئے ایک مضبوط بنیاد ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں ایران کے46 ویں عالمی دن پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے ایران کے قومی دن پر پاکستانی قوم کی جانب سے مبارکباد بھی دی۔
سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ایران کے قومی دن پر پاکستان اور ایران کے تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عزم کرتے ہیں،پاک ایران تعلقات علاقائی تعاون اور اقتصادی استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات مزید گہرے اور مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات ،دوستی بہت مضبوط ہیں،ایران کے ساتھ تجارتی معاملات سمیت ثقافتی تعلقات بہت گہرے ہیں،پا ک ایران گیس پائپ لائن معاہدہ بھی دوستی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات میں مضبوطی سے جڑے ہیں،پاک ایران دوستی خطے کے استحکام اور ترقی کے لیے ایک مضبوط بنیاد ہے،پاکستان اور ایران کو مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے، مل کر حل نکالنا ضروری ہے۔تقریب سے ایران کے قونصل جنرل مہران موحدفر نے بھی خطاب کیا۔