پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم کا ایٹمی توانائی کے بین الاقوامی ادارے (آئی اے ای اے)کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے

314

اسلام آباد ۔ 22 جولائی (اے پی پی) پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم نے ایٹمی توانائی کے بین الاقوامی ادارے (آئی اے ای اے)کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق محمد نعیم نے کہا کہ اپنی تعیناتی کے دوران یوکیا امانو کی طرف سے پاکستان کے تکنیکی تعاون کے پروگرام کو انکی بھرپور حمایت حاصل رہی ہے اور اس سلسلے میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوکیا امانو کا ایٹمی ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے پائیدار ترقی کا پیغام پھیلانے میں اہم کردار تھا۔ انہوں نے ایٹم برائے امن و ترقی کا پروگرام شروع کیا اور جہاں کہیں بھی گئے یہ پیغام پہنچایا۔ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر انہوں نے دو مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا اور آخری مرتبہ مارچ 2018ءمیں انہوں نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یوکیا امانو انتہائی پیشہ وارانہ شخصیت تھے اور ان کی وفات سے پاکستان ایک دوست اور خیرخواہ سے محروم ہو گیا ہے۔