اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے، پاک فوج پاکستان کی محافظ ہے، پاک فوج نے دہشتگردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں، پاکستان کی سول اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں، پی ڈی ایم اداروں کو ہدف بنا رہی ہے، نواز شریف کو این آر او نہیں ملا تو انہوں نے پاک فوج اور ملک کے دیگر اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان پاک فوج کی قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں، پاک فوج پاکستان کی محافظ اور ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور پی ڈی ایم کے بیانیہ میں زمین آسمان کا فرق ہے، وزیراعظم عمران خان اداروں کی قدرکرتے ہیں جبکہ نواز شریف کو جب این آر او نہیں دیا گیا تو انہوں نے قومی اداروں کے خلاف بدزبانی کی، نواز شریف عدالت کی جانب سے مفرور قرار دیئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنے بیانیہ ”ووٹ کو عزت دو” میں کونسے ووٹ کی عزت کی بات کرتے ہیں، نواز شریف جب تین مرتبہ ملک کے وزیراعظم بنے اس وقت ووٹ کی عزت تھی اور جب پی ٹی آئی حکومت میں آئی تو ووٹ کی عزت نہیں ہے، مسلم لیگ (ن) نے ووٹ کی عزت کے لئے کوئی ایک پٹیشن بھی نہیں داخل کرائی۔ زرتاج گل نے مسلم لیگ (ن) کو اقامہ لیگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم نے ریاست مخالف بیانیہ اپنایا، جو کام دشمن نہیں کر سکا وہ کام اقامہ لیگ نے کیا اور پاک فوج اور ملک کے قومی اداروں کو بدنام کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے، پاک فوج نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں، بھارت اور اسرائیل پاک فوج کو کمزور اور اس کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں، پی ڈی ایم نے ریاست مخالف بیانیہ اپنایا اور فوج پر قدغن لگانے کی کوشش کی تو اس کے شادیانے بھارت میں بجائے جاتے ہیں، نواز شریف این آر نہ دینے کا بدلہ پاکستان کے عوام سے لینا چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کاز کو بین الاقوامی فورمز پر اٹھایا، مسلم لیگ (ن) والے کس منہ سے کشمیر کی بات کرتے ہیں، نواز شریف جب نریندر مودی کی حلف برداری پر گئے تو اس وقت انہوں نے حریت رہنمائوں سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے پانچ سالہ دور میں کوئی وزیر خارجہ ہی نہیں تھا، (ن) لیگ کے دور حکومت میں صرف امریکہ ہی نہیں بلکہ بھارت بھی ڈو مور کہتا رہا، فیٹف کے معاملے میں بھی پاکستان کو بلیک لسٹ کروانا بھارت کی خواہش تھی یا پی ڈی ایم کی خواہش تھی۔