اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے امریکی صدر جو بائیڈن کے پاکستان اور اس کے جوہری پروگرام سے متعلق بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور اس کا ایٹمی پروگرام دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ محفوظ ہے۔
ہفتہ کواے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کا پاکستان اور اس کے جوہری پروگرام سے متعلق بیان غیر ذمہ دارانہ ہے۔انہوں نےپاکستان اور اس کے جوہری پروگرام کے حوالے سے بائیڈن کےبیان پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، اس طرح کے تبصرے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں مددگار نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کو پاکستان کے بارے میں اپنا بیان فوری واپس لینا چاہیے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حکومت کا امریکی سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کرنے کا فیصلہ درست سمت میں ایک قدم ہے جس کی پوری قوم حمایت اور تائید کر رہی ہے۔
دفتر خارجہ میں امریکی ایلچی کو طلب کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان کی آزاد اور خود مختار خارجہ اور دفاعی پالیسیوں کے پیغام کو واضح طور پر ظاہر کرتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=332854