پاکستان ایک زرعی ملک ہے اورملکی معیشت کا انحصار بھی زراعت پر ہے،ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ

324
گندم

مظفرگڑھ 15 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ میاں عثمان علی نے کہا ہےکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اورملکی معیشت کا انحصار بھی زراعت پر ہے ،گندم ہماری ایک اہم اور بڑی فصل ہے۔ یہ بات انہوں نے پیداواری مقابلہ برائے گندم میں پوزیشن حاصل کرنے والے کاشتکاروں میں انعامات کے چیک تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ممبر صوبائی اسمبلی اجمل خان چانڈیہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مقابلے کا مقصد فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کا رجحان پیدا کرنا ہے ، فی ایکڑ پیداوار میں اضافے سے نہ صرف کسان خوشحال ہوگا بلکہ ملک بھی گندم میں خود کفیل ہوگا۔ گندم کے پیداواری مقابلے میں تحصیل جتوئی کے کاشتکار صادق محمد نے 62.23 من فی ایکڑ پیداوار حاصل کرکے اول پوزیشن حاصل کی اور 3 لاکھ روپے کا انعام حاصل کیا۔

تحصیل علی پور کے مقبول احمد نے 61.58 من فی ایکڑ پیداوار حاصل کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی اور 2 لاکھ روپے کا انعام حاصل کیا اور علی پور کے ہی محمد بلال نے 60.23 من فی ایکڑ پیداوار حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی اور 1 لاکھ روپے کا انعام حاصل کیا۔ڈپٹی کمشنر میاں عثمان علی اور ممبر صوبائی اسمبلی اجمل خان چانڈیہ نے کاشتکاروں میں چیک تقسیم کئے ۔

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی اجمل خان چانڈیہ نے کہا کہ حکومت پنجاب زراعت کی ترقی کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے،حکومت شعبہ زراعت میں نئی اصلاحات لارہی ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد کسانوں کی حوصلہ افزائی ہے، گندم کی بہترین انداز میں کاشت اور اس کی نگہداشت سے فی ایکڑ میں اضافہ ممکن ہے،حکومت کسانوں کی ترقی اور انکے مسائل کے حل کےلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر محمد اقبال خان نیازی نے بتایا کہ کسانوں کو کسان کارڈ کے ذریعے مشینری ، کھاد ، بیج اور زرعی ادویات فراہم کی جائیں گی، انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 7 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر گندم کاشت کی گئی تھی، گندام کی مجموعی طور پر 50 من فی ایکٹر پیداوار ریکارڈ کی گئی ہے۔ تقریب میں محکمہ زراعت کے افسران اور کاشتکاروں نے شرکت کی۔