29.4 C
Islamabad
جمعہ, مئی 9, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان ایک مضبوط ثقافت اور تہذیب کا حامل ملک ہے،پاکستان میں ٹیکس...

پاکستان ایک مضبوط ثقافت اور تہذیب کا حامل ملک ہے،پاکستان میں ٹیکس کے نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے،بلوچستان قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے،نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ

- Advertisement -

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط ثقافت اور تہذیب کا حامل ملک ہے،پاکستان میں ٹیکس کے نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے،بلوچستان قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے،ان قدرتی وسائل کا درست استعمال ضروری ہے۔اتوار کو پی ٹی وی کے پروگرام بات سے بات میں گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے پی ٹی وی کو 59 ویں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی شناخت اور سافٹ امیج دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں پی ٹی وی بڑا اہم کردار ادا کررہاہے۔

پی ٹی وی کے ڈرامے،میوزک اور اطلاعات سمیت ہر شعبہ میں پروگرام متاثر کن ہیں،پی ٹی وی نے پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک ترقی پذیرملک اور ارتقاء کے عمل میں ہے،اس حقیقت کےادراک سے مزید اقدامات اٹھانے میں آسانی ہوتی ہے۔بلوچستان کی ترقی پر وہاں سے نکلنے والے وسائل کے استعمال کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دنیا میں یہ خطہ معدنی دولت سے مالامال ہے،بلوچستان میں پھیلی ہوئی آبادی کی وجہ سے صحت وتعلیم سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی مشکل ہوتی ہے،اس کے علاوہ بلوچستان میں وسائل کے استعمال کی منصوبہ بندی کا فقدان ایک چیلنج اور بدانتظامی بھی ایک مسئلہ ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ دنیا میں قدرتی وسائل کا مقامی سطح پر عوام کے وسیع تر مفاد میں استعمال بھی ہوا ہےاور افریقہ میں اس کا استعمال مقامی سطح پر کم ہونے کی مثالیں بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم میں وفاق اور صوبوں میں تنازعات طے ہوچکے ہیں،بلوچستان میں کاپر اور گولڈ کی دریافت کے اثرات آنے والے دنوں میں سامنے آئیں گے۔اگر یہ پہلے نکالے جاتے تو ہوسکتا ہے کہ اس کو خام مال کی شکل میں برآمد کردیتے لیکن اب ویلیو ایڈیشن کی طرف جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ کا ملکی ترقی میں بڑا کردار ہے،محصولات جمع کرنا حکومت کا کام ہے۔اس ملک میں بڑے مخیر حضرات تعلیم اور صحت کے شعبہ میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکس کا نظام ٹھیک نہیں ہے،اس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے،ٹیکس وصولیاں بڑھا کر ان کا درست استعمال بھی ضروری ہے،پالیسی اور ٹیکسیشن سرکاری طور پر ہو اور اس کو خرچ کرنے میں عوام کی رائے شامل ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمان میں بطور رکن زیادہ کردار ادا کرسکتے ہیں۔

بطور ممبر پارلیمان قانون سازی،عوامی مسائل اجاگر کرنے سمیت ہر شعبہ میں کردار ہوتا ہے اس لئے اگر مستقبل میں بطور پارلیمنٹیرینز کردار ادا کرنے کی نوبت آئی تو ضرور کردار اداکریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم قدیم تہذیب اور مضبوط ثقافت کے امین ہیں، یہ وارث شاہ،بابا بھلے شاہ، خوشحال خان خٹک ، بابا فرید، شاہ لطیف کی دھرتی ہے۔ان کی تعلیمات کو اجاگر کرنے میں پی ٹی وی کا کردار کلیدی ہونا چاہییے۔انہوں نے کہا کہ میں نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ اور کیڈٹ کالج کوہاٹ سے حاصل کی،

پاکستان کی سماجی ترقی میں کیڈٹ کالجز کا کلیدی کردار ہے۔نگران وزیر اعظم نے اس موقع پر پی ٹی وی کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔اس موقع پر نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی بھی موجود تھے۔نگران وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی وی میرے دل کے قریب ہے،پاکستان کی تہذیب و ثقافت کی شناخت میں پی ٹی وی کا کردار اہم ہے جو جاری وساری ہے۔امید ہے کہ ایک مشن کے تحت ،عزم اورذمہ داری سے اس کو آگے بڑھائیں گے۔\

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414403

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں