پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن مختلف شہروں میں کوچنگ ورکشاپس کا انعقاد کرے گی

58
پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن مختلف شہروں میں کوچنگ ورکشاپس کا انعقاد کرے گی

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن (پی بی بی ایف)انٹرنیشنل باسکٹ بال فیڈریشن (ایف آئی بی اے)پروگرام کے تحت ملک میں باسکٹ بال کے معیار کو بہتر بنانے کے مقصد سے مختلف شہروں میں کوچنگ ورکشاپس کا انعقاد کرے گی۔اسی طرح فیبا ​​پروگرام کے تحت پی بی بی ایف نے ایف آئی بی اے ​​باسکٹ بال فار گڈ پروگرام کے عنوان سے دو روزہ کوچنگ ورکشاپ کا انعقاد کیا جو اتوار کو ملتان میں اختتام پذیر ہوئی۔ورکشاپ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل خالد بشیر کی زیر نگرانی منعقد ہوئی جس میں کھلاڑیوں اور کوچز نے شرکت کی

،قومی باسکٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ ریاض ملک سمیت دیگر کوچز سعادت جہانگیر، محمد نوید نے لیکچرز دیئے۔پریس ریلیز کے مطابق شرکاء کو مختلف سیشنز میں کوچنگ کی مہارت، تربیت، جدید تکنیک اور باسکٹ بال گیمز کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔انٹرنیشنل باسکٹ بال فیڈریشن باسکٹ بال فار گڈ پروگرام کا مقصد شرکاء کو کوچ اور کھلاڑیوں کے درمیان تعلق کو سمجھنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔کوچنگ ورکشاپ کے اختتام پر خالد بشیر نے لکی بیوریجز کے چیف ایگزیکٹو چوہدری سجاد علی کے ہمراہ شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔