اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان بتدریج معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے اور ملک میں سرمایہ کاری کیلئے یہ مناسب وقت ہے، پیرس کلب سے رجوع نہیں کریں گے۔انہوں نے یہ بات منگل کویہاں وزارت خزانہ میں ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات میں کہی۔
وفد میں جیفریز سے منیجنگ ڈائریکٹر خرم شیخ اور عالیہ موبید، محمود علی شاہ بخاری سی ای او کے ٹریڈ، گولڈمین ساچز اثاثہ منیجمنٹ کے نائب صدر لوئس اسد سائمن ٹمبوریل اور شریک چیف انویسٹمنٹ آفیسر مسٹر جیمز شامل تھے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق پاشا، سپیشل سیکرٹری فنانس اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پرموجودتھے۔
وفد نے ملک کی معاشی صورتحال اور اقتصادی منظرنامہ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے وزیر خزانہ کے ساتھ آئی ایم ایف پروگرام، سیلاب سے متعلق اخراجات اور نقصانات، مارکیٹ کی صورت حال اور بیرونی کھاتوں کی صورتحال کے حوالے سے جامع بات چیت کی۔ وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کیا اور وفد کو یقین دلایا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان میں کاروباری ماحول کوآسان و سازگار بنانے کیلئے تمام دانشمندانہ اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آہستہ آہستہ لیکن بتدریج معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے اور یہ وقت پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے مناسب ہے۔اجلاس میں بتایاگیاکہ تعمیر نو اور بحالی کا مرحلہ آنے والے مہینوں میں شروع ہو جائے گا۔ وزیر خزانہ نے سیلاب زدگان کی امداد پر دوست ممالک کی تعریف کی۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کا مقصد آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنا ہے، حکومت وقت پر بین الاقوامی بانڈز کی ادائیگی کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا پیرس کلب سے رجوع کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید زور دے کر کہا کہ موجودہ حکومت قومی اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ موجودہ اور سابقہ حکومت کی طرف سے کیے گئے تمام مالیاتی وعدوں کو پورا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔