پاکستان بحریہ کی بہترین تربیت ،فرض سے لگن،مستعدی اور قربانی کے جذبے سے بہت متاثر ہوا ہوں،صدر مملکت عارف علوی کا ٹویٹ

47

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان بحریہ کی بہترین تربیت ،فرض سے لگن،مستعدی اور قربانی کے جذبے سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ٹویٹر بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ ساتویں کثیر الملکی میری ٹائم مشق امن 2021بحر ہند میں قیام امن کے حوالے سے پاکستان کے عزم کی عکاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن 2021 مشقیں بحری تجارت اور سمندر میں معدنی وسائل کی تلاش سے متعلق کاوشوں کی بھی عکاس ہیں۔ساتویں کثیر الملکی میری ٹائم مشق امن چھ روز تک جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوئیں جس میں صدر مملکت نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔مشقوں میں تقریباً 45 ملکوں نے حصہ لیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود پاک بحریہ کے جہاز پر آمد پر امیر البحر نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔اس موقع پر صدر مملکت کو امن مشقوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔مشق میں شریک ملکوں کے بحری اور ہوائی جہازوں نے صدر مملکت کو سلامی بھی پیش کی۔وفاقی وزیر برائے بحری امور،دفاعی پیداوار ،سندھ کے وزیر اعلی کے علاوہ مشق امن 21 کی اختتامی تقریب میں چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور سروسز چیفس نے بھی شرکت کی۔