25.5 C
Islamabad
منگل, مئی 13, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان برآمدات پر مبنی ترقیاتی ماڈل کی طرف گامزن ہے، آئی ٹی...

پاکستان برآمدات پر مبنی ترقیاتی ماڈل کی طرف گامزن ہے، آئی ٹی خدمات کی برآمدات نمایاں اضافہ سے 3.2 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، وزیرخزانہ محمداورنگزیب

- Advertisement -

اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان اب برآمدات پر مبنی ترقیاتی ماڈل کی طرف گامزن ہے، آئی ٹی خدمات کی برآمدات نمایاں اضافہ سے 3.2 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔انہوں نے یہ بات پیرکو سٹی گروپ گلوبل مارکیٹس کی ہیڈ آف ایمرجنگ مارکیٹس اکانومیز جوہانا چوا اور سرمایہ کاری برادری کے متعدد نمائندوں کے ساتھ ورچوئل ملاقات میں کہی۔ ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے انہیں پاکستان کی حالیہ معاشی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

انہوں نے برطانیہ کے حالیہ دورے اور دوطرفہ شراکت داروں کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں سے متعلق شرکا کو آگاہ کیا، جنہیں انہوں نے پاکستان کے معاشی مستقبل کے لیے حوصلہ افزاء اور تعمیری قرار دیا۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے فچ کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کو اجاگر کیا، جسے انہوں نے ملکی معیشت کے بہتر ہوتے ہوئے رجحان کا بیرونی اعتراف قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ راہ پر قائم رہنا ہی حکومت کا پیغام اور قومی عزم ہے، جو اصلاحات کے تسلسل اور مالی نظم و ضبط کے لیے حکومت کے پختہ ارادے کی عکاسی کرتا ہے۔

- Advertisement -

وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ توسیعی فنڈ سہولت کے تحت سٹاف لیول معاہدے کے کامیاب اختتام سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ اگلی قسط کل موصول ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے آر ایس ایف کی منظوری کو پاکستان کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا۔ترقیاتی ترجیحات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان اب برآمدات پر مبنی ترقیاتی ماڈل کی طرف گامزن ہے اور آئی ٹی سروسز کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو اس سال 3.2 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔

ملاقات میں جاری ٹیکس اصلاحات پر بھی بات ہوئی، جن میں زرعی آمدن ٹیکس سے متعلق قانون سازی اور نیشنل ٹیکس کونسل کی بحالی شامل ہیں۔ سینیٹر اورنگزیب نے زور دیا کہ جہاں رسمی شعبہ اور تنخواہ دار طبقہ پہلے ہی قومی محصولات میں حصہ ڈال رہے ہیں، وہیں ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا اور ان شعبہ جات میں عملدرآمد کو یقینی بنانا ضروری ہے جہاں ٹیکس چوری کا رجحان پایا جاتا ہے۔ جوہانا چوا اور ان کی ٹیم نے پاکستان میں حالیہ معاشی بہتری اور حکومتی اصلاحاتی اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے آئی ایم ایف پروگرام میں پیش رفت، مالی نظم و ضبط، برآمدات میں اضافہ اور ٹیکس اصلاحات کے حوالے سے حکومت کے عزم کا خیرمقدم کیا۔ محترمہ چوا نے پاکستان کے ساتھ مسلسل روابط کے لیے سٹی گروپ کی دلچسپی اور ملک کی اصلاحاتی پالیسی اور عالمی سطح پر دوبارہ روابط کے لیے حمایت کا اعادہ کیا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے باہمی روابط جاری رکھنے اور مستقبل میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596267

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں