اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے کہا ہے کہ پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے وقار کو بحال کرنے کے لئے تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں۔ یہ بات انہوں نے یہاں پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی) میں کرسمس کی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد نے اس موقع پر مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان محمد عاصم کھچی کی ادارےکی بہتری کے لیے کی جانے والی مخلصانہ کوششوں کی بھی تعریف کی۔ قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی اور سب کے لیے مذہبی روایات کی آزادی کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے پاکستانی مسیحی برادری کو ملک کی ترقی کے لیے شاندار خدمات انجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر بشپ طارق جان نے کہا کہ مسیحی برادری ملک کی خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور کیک کاٹنے کی تقریب کے انعقاد پر پی بی سی کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں مسیحی برادری کے علاوہ ریڈیو پاکستان کے ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر گیت بھی پیش کئے گئے اور ملکی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔