28.8 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان برطانیہ کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے پر عزم...

پاکستان برطانیہ کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے پر عزم ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف

- Advertisement -

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے، دوطرفہ تعاون کا مزید فروغ ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے، پاکستان کے عوام برطانوی شاہی خاندان کے ساتھ خصوصی لگائو رکھتے ہیں، 17 سال بعد برطانوی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد خوش آئند ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو برٹش ہائی کمیشن میں ملکہ برطانیہ کی تاج پوشی کے 75 سال مکمل ہونے کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملکہ برطانیہ کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث افتخار ہے، برطانیہ کے ساتھ دوستی پر پاکستان کو فخر ہے، پاکستان کے عوام برطانوی شاہی خاندان کے ساتھ خصوصی لگائو رکھتے ہیں، جب بھی برطانوی شاہی خاندان کے افراد نے پاکستان کا دورہ کیا تو ان کا شاندار خیرمقدم کیا گیا۔

- Advertisement -

وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں، پنجاب میں خادم پنجاب کے طور پر کام کرتے ہوئے برطانیہ نے ہماری حکومت سے بھرپور تعاون کیا اور پرائمری تعلیم، زبچہ و بچہ کی صحت اور پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے طلباء و طالبات میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے برطانیہ نے ہماری بہت مدد کی جس پر برطانوی حکومت کے شکرگزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ میں دوطرفہ تعاون کا مزید فروغ ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے، برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن سے گذشتہ ہفتے ٹیلیفون پر بات ہوئی اور انہوں نے تجارت کے شعبہ میں تعاون کے فروغ کے امور پر تبادلہ خیال کیا، اس سلسلہ میں برطانیہ کا ایک وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، 17 سال بعد برطانیہ کی کرکٹ ٹیم پاکستان آ رہی ہے اور میں آپ کو پیشگی بتا رہا ہوں کہ ہم جیتیں گے۔ پاک۔

برطانیہ تعلقات کے استحکام میں برطانوی ہائی کمشنر کا کردار لائق تحسین ہے، انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے، دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات ہیں، ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور ان دوستانہ تعلقات کو تجارتی و سرمایہ کاری روابط میں تبدیل کرنے میں تعاون کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ ملکہ برطانیہ طویل زندگی اور صحت و سلامتی کیلئے دعاگو ہیں، ملکہ برطانیہ نہ صرف برطانیہ بلکہ پوری دولت مشترکہ کیلئے اتحاد، امید اور تسلسل کی علامت ہیں۔ تقریب سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانوی ہائی کمشنر کے ہمراہ کیک کاٹا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=311263

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں