اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان بھر میں بینائی سے محروم افراد کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے وقار، حقوق اور قومی زندگی میں بھرپور شمولیت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ بریل کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ بریل کا عالمی دن لوئس …
پاکستان بریل خواندگی کے فروغ، جامع نصاب اور معاون ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے استعمال کےلئے پرعزم ہےصدر آصف علی زرداری کا عالمی یومِ بریل پر پیغام
اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان بھر میں بینائی سے محروم افراد کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے وقار، حقوق اور قومی زندگی میں بھرپور شمولیت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ بریل کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ بریل کا عالمی دن لوئس بریل کے یوم پیدائش کے موقع پر منایا جاتا ہے جن کے ایجاد کردہ بریل رسم الخط نے دنیا بھر میں لاکھوں افراد کےلئے تعلیم، معلومات اور خودانحصاری تک رسائی کو ممکن بنایا۔
صدر مملکت نے کہا کہ بریل محض پڑھنے اور لکھنے کا ذریعہ نہیں بلکہ یہ آزادی، اعتماد اور مساوی مواقع کی ایک پائیدار علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد مساوات، سماجی انصاف اور انسانی وقار کے احترام کے اصولوں پر رکھی گئی تھی۔ ایک قوم کے طور پر ہماری ترقی اس بات سے مشروط ہے کہ ہر شہری کو معاشرے میں بامعنی کردار ادا کرنے کے مواقع میسر ہوں۔ صدر مملکت نے کہا کہ بینائی سے محروم افراد کے لیے قابلِ رسائی تعلیم، جامع عوامی خدمات اور مساوی مواقع کی فراہمی نہ صرف ایک آئینی ذمہ داری بلکہ ایک اخلاقی فریضہ بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بریل خواندگی کے فروغ، جامع نصاب اور معاون ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے استعمال کےلئے پرعزم ہے تاکہ تعلیم اور معلومات تک رسائی کو مزید وسعت دی جاسکے۔ اس کے ساتھ ساتھ عوامی عمارتوں، سرکاری خدمات اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں قابلِ رسائی معیارات کا نفاذ بھی نہایت اہم ہے تاکہ کوئی بھی فرد شہری زندگی سے محروم نہ رہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان معذور افراد کے حقوق سے متعلق اقوامِ متحدہ کے کنونشن اور پائیدار ترقی کے اہداف سمیت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری جاری رکھے ہوئے ہے جو باوقار اور مساوی حقوق پر مبنی جامع اور منصفانہ معاشروں کے قیام پر زور دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں بینائی سے محروم افراد کی ثابت قدمی اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، اس کے ساتھ ساتھ ان اساتذہ، والدین، دیکھ بھال کرنے والوں اور تنظیموں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جو ملک بھر میں بریل کی تعلیم اور سماجی شمولیت کے فروغ کےلئے انتھک محنت کررہے ہیں۔ ان کی کاوشیں خودمختاری اور خودانحصاری کی راہیں ہموار کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ اس موقع پر میں وفاقی و صوبائی حکومتوں، اداروں، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ باہمی تعاون سے رکاوٹوں کے خاتمے، قابلِ رسائی سہولیات کے فروغ اور ہمدردی و شمولیت پر مبنی نطام کے فروغ کےلئے کام کریں۔ اس طرح ہم ایک ایسے پاکستان کے قیام کے قریب پہنچ سکتے ہیں جہاں ہر فرد کو اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع حاصل ہوں۔









