دبئی ۔12مارچ (اے پی پی):پاکستان بزنس کونسل شارجہ نے نیٹ ورکنگ اور باہمی روابط استوار کرنے کے مواقع کو فروغ دیتے ہوئے رمضان المبارک کی روح پرور جذبے کے تحت معززین، کاروباری رہنماؤں اور کمیونٹی کے ساتھ کورل بیچ ریزورٹ، شارجہ میں سحری کی تقریب کا انعقاد کیا۔ قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اپنے خطاب میں قونصل جنرل حسین محمدنے پاکستان کی تیز رفتار اقتصادی تبدیلی اور مراعات، ریگولیٹری اصلاحات، اور کاروبار میں آسانی کے اقدامات کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں مقیم تاجروں پر زور دیا کہ وہ باہمی ترقی اور تعاون کے امکانات تلاش کر تے ہوئے پاکستان کے بدلتے ہوئے کاروباری منظر نامے میں پیدا ہونے والے نئے مواقع میں سرمایہ کاری کریں۔تقریب میں شارجہ کے حکمران خاندان کے رکن شیخ محمد جمال القاسمی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بورڈ ممبراحمد محمد عبید النبودہ، التھیگہ کلب برائے معذوروں کے چیئرمین ڈاکٹر خالد عمر المدفا، شارجہ میونسپل کونسل کے نائب چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ سالم بن حمودہ الکتبی، ایئر عربیہ میں کارپوریٹ گورنمنٹ افیئرز کے ڈائریکٹرعبدالرحمن بن طلحہ اور شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس گروپس کے سیکشن ہیڈ امجد عواد الکریم نے اپنے اپنے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے حمایت کا اظہار کیا۔پاکستان بزنس کونسل شارجہ کی قیادت بشمول ڈاکٹر ایس ایم۔ طاہر (چیئرمین)، سید سلیم اختر (وائس چیئرمین) اور امیر حسن (وائس چیئرمین) نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے کونسل کے کاروباری رابطوں کو بڑھانے اور اس کے اراکین کے درمیان کمیونٹی کے مضبوط احساس کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔