اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) نے بھارت میں رواں سال ہونے والے ورلڈ ٹی 20 کپ کے لئے 21کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کردیا ہے،جس کا باضابطہ اعلان آئندہ تین روز تک کیا جائے گا۔
پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے پیر کو اے پی پی کو بتایا کہ پی بی سی سی نے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے انتخاب کے لئے مختلف ڈومیسٹک ایونٹ کرائے جس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے 21کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کردیا ہے۔
انہی کھلاڑیوں کا اعلان آئندہ تین روز تک کردیا جائے گا جبکہ 17 رکنی حتمی ٹیم کا اعلان رواں سال نومبر میں متوقع ہے۔ سید سلطان شاہ نے کہا کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے حکومت سے این او سی کے لئے درخواست کی ہے، اجازت نامہ ملنے کی صورت میں قومی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لئے سینئر اور نوجوان کھلاڑیوں پر مستند ٹیم تیار کی ہے اور وہ ورلڈ کپ سے قبل بھرپور تیاری کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹی 20 کپ رواں سال 4 سے 17 دسمبر تک بھارت کے مختلف شہروں میں کھیلا جائے گا۔ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 9 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ جس میں میزبان بھارت ‘ پاکستان ‘ آسٹریلیا’ جنوبی افریقہ ‘ بنگلہ دیش’ سری لنکا ‘ نیپال ‘ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔