پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا کورونا وائرس کے لانگ بریک کے بعد ڈومیسٹک سیزن کا آغاز

123

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) نے کورونا وائرس کے لانگ بریک کے بعد ڈومیسٹک سیزن کا آغاز کر دیا ہے۔ علی بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ کے پہلے روز خیبرپختونخوا اور پنجاب کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔ اتوار کو بہاولپور میں کھیلے گئے پہلے میچ میں خیبرپختونخوا نے اسلام آباد کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ اسلام آباد کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 32.2 اوورز میں 181 رنز بنائے۔ کپتان انیس جاوید نے 75 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ محمد راشد، اسرار الحسن اور زین نے بالترتیب 20، 23 اور 21 رنز سکور کئے۔ خیبرپختونخوا کی طرف سے ہارون خان نے 4 جبکہ محمد اکرم نے 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ جواب میں خیبرپختونخوا نے مطلوبہ ہدف 28.2 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ اوپننگ بلے باز ہارون خان نے 75 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ محسن خان اور محمد اکرم بالترتیب 22 اور 19 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ ہارون خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دوسرے میچ میں پنجاب نے سندھ کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔ سندھ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 36.2 اوورز میں 191 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ جواب میں پنجاب نے مطلوبہ ہدف 25.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ اوپننگ بلے باز معین اسلم اور افتخار ٹائیگر نے بالترتیب 68 اور 48 رنز سکور کئے۔ معین اسلم کو میچ کا بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔