اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے17 قومی کھلاڑیوں کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا۔ سنٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی سے 31 ستمبر 2017ءتک ہو گا، سنٹرل کنٹریکٹ میں کیٹیگری اے کےلئے 12 ہزار، کیٹیگری بی کےلئے 10ہزار، کیٹیگری سی کے کھلاڑیوںکو 9 ہزار روپے ماہانہ معاوضہ دیا جائے گا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرین سید سلطان شاہ نے بتایا کہ قومی کھلاڑیوں کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان میرٹ پر کیا گیا ہے اور جن کھلاڑیوں نے ڈومیسٹک اور بین الاقوامی سطح پر اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا انہیں بھی سنٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ سنٹرل کنٹریکٹ میں کیٹیگری اے میں 3، بی میں 3 اور سی میں 11 کھلاڑیوںکو رکھا گیا ہے۔ کیٹیگری اے میں بدر منیر، انیس جاوید اور نثار علی شامل ہیں، کیٹیگری بی میں محمد جمیل، ہارون خان اور ریاست خان شامل ہیں جبکہ کیٹیگری سی میں عامر اشفاق ، مطیع اللہ، محمد کامران، محمد راشد، ساجد نواز، محمد ظفر محمد ارسلان، یاسر ملک، اسرار الحسن اور محسن خان شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کیٹیگری اے کےلئے 12ہزار ، کیٹیگری بی کےلئے 10ہزار، کیٹیگری سی کے کھلاڑیوںکو 9 ہزار روپے ماہانہ معاوضہ دیاجائے گا۔