اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی ) نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی جانب سے پریس کے ذریعے پھیلائی گئی جھوٹی اور گمراہ کن خبروں کی مذمت کی ہے۔بدھ کو پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی بی سی سی نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی جانب سے پھیلائی گئی جھوٹی خبر کہ ’’ بھارتی وزارت داخلہ نےورلڈ کپ کے لیے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے 34 کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ویزا جاری کرنے کی منظوری دی ہے ‘‘کی تردید کی ہے۔
یہ جھوٹی خبر بھارتی میڈیا میں تیزی سے پھیل گئی اور اس سےانتشار پیدا کیا گیا کہ قومی بلائنڈ ٹیم کو ورلڈ کپ کے لئے ویزا جاری کیا ہے۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم( پی بی سی سی )نے گزشتہ روز واضح کیا کہ بھارت کی وزارت خارجہ امور نے سیاسی بنیادوں پر پاکستانی ٹیم کو ویزا دینے سے انکار کر دیا۔پاکستانی ٹیم نے بدھ کواسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن سے پاسپورٹ حاصل کر لیے ، دوپہر 2:30 بجے کے قریب پاسپورٹ کلیکشن ای میل موصول ہونے کے بعد بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستانی ٹیم کو کوئی ویزا جاری نہیں کیا۔
بین الاقوامی برادری نے پاکستان ٹیم کو ویزے جاری نہ کرنے پر بھارت کی شدید مذمت کی اور اس پر مایوسی کا اظہار کیا۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے ویزا دینے سے انکار بھارت نےسیاسی بنیادوں پر کیا ہے۔
پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی رینکنگ میں ٹاپ پر موجود ہے۔ بھارت کی جانب سےسیاسی بنیادوں پر ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے ہمیں ویزہ جاری نہ کرنا پاکستان کو جیت سے محروم کرنا ہے جس پر عالمی اور بین الاقوامی کھیلوں پر اس کے بہت گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔