کوئٹہ۔ 21 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر ہاکی نیشنز کپ 2025 کے فائنل میچ کی براہ راست نشریات کے لیے کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں بڑی اسکرین نصب کی جا رہی ہے تاکہ عوام اس اہم مقابلے سے بھرپور لطف اندوز ہو سکیں ۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان یہ اہم معرکہ (آج) ہفتہ کی شام 6 بجے کھیلا جائے گا جس میں پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم تاریخ رقم کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔ترجمان وزیر اعلیٰ بلوچستان کے بیان کے مطابق میر سرفراز بگٹی نے قومی کھیل کی ترویج اور نوجوانوں میں کھیلوں سے دلچسپی پیدا کرنے کے لیے اس موقع پر ایوب اسٹیڈیم میں شائقین کے لیے خصوصی انتظامات کی ہدایت کی ہے۔
حکومت بلوچستان نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور قومی جذبے کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ محکمہ کھیل اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شائقین کے لیے فول پروف سیکیورٹی، روشنی، پانی اور دیگر سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی تاکہ لوگ قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کر سکیں۔