پاکستان جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا،وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ

103

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا اور کسی بھی حملے کی صورت میں اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے، بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طورپر ختم نہیں کر سکتا۔ پیرکو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت صرف پاکستان کو دھمکیاں دیتا ہے، جنگ کی غلطی نہیں کر سکتا، اگر بھارت نے حملہ کیا تو مناسب جواب دیا جائے گا اور ہم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ کو ختم نہیں کر سکتا، اگر ایسا کیا تو اس کا فائدہ پاکستان کو ہو گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کر رہا ہے جبکہ بھارت افغانستان میں اپنے تربیتی کیمپوں کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔