پاکستان بھارت کے ساتھ دہشت گردی اور جموں وکشمیر کے تنازعے سمیت تمام مسائل پر بات چیت کا خواہاں ہے ،بلاول بھٹو زرداری

22
Bilawal Bhutto Zardari

لندن ۔9جون (اے پی پی):پارلیمانی سفارتی مشن کے سربراہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ دہشت گردی اور جموں وکشمیر کے تنازعے سمیت تمام مسائل پر بات چیت کا خواہاں ہے ۔بھارت کا بیانیہ جھوٹ پر مبنی ہے اور اس کا کردارغیرذمہ دارانہ ہے۔

پیر کوانہوں نے لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ کے کامیاب دورے کے بعد ہم برطانیہ پہنچے ہیں اس پیغام کے ساتھ کہ پاکستان پہلے بھی امن چاہتا تھا پاکستان اب بھی امن چاہتا ہے، پاکستان سمجھتا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہو یا دہشتگردی کا مسئلہ ، جنگ ان مسائل کا حل نہیں ہے مسائل کا حل صرف بات چیت سے ممکن ہے.

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کا بیانیہ جھوٹ پر مبنی ہے اور اس کا کردارغیرذمہ دارانہ ہے ۔وفد میں شامل موسمیاتی تبدیلی کے وزیر مصدق ملک نے کہاکہ دنیا پاکستان کے موقف کی معترف ہے ۔