اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں میری تقریر کا بنیادی مقصد دنیا کو یہ باور کرانا تھا کہ جس موسمیاتی آفت کا دنیا کو سامنا ہے اگر اس کے سدباب کیلئے فوری اقدامات نہ کئے گئے تو اس کی تباہ کاریاں پاکستان تک محدود نہیں رہیں گی، دنیا پر واضح کیا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پرامن اور اچھے ہمسائیگی تعلقات کا خواہاں ہے اس کیلئے بھارت غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں 5 اگست 2019 کا یکطرفہ اقدام واپس لے۔
ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں میرے خطاب کا خلاصہ یہ تھا کہ دنیا خبردار رہے کہ انسانیت کو کیا خطرات درپیش ہیں، پاکستان آج کل جس موسمیاتی آفت کا سامنا کر رہا ہے اگر فوری طور پر اس کے سدباب کیلئے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو یہ سلسلہ پاکستان تک ہی محدود نہیں رہےگا بلکہ یہ انسانیت کیلئے ہمدردی اور تشویش کا پہلو ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی کے لئے درپیش اہم مسائل پر پاکستان کا موقف بیان کرنے کے ساتھ ساتھ میں نے دنیا پر واضح کیا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پرامن اور اچھے ہمسائیگی تعلقات کا خواہاں ہے اس کیلئے بھارت کو 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدام اور اس کے بعد آبادی کے تناسب کی تبدیلی سمیت دیگر اٹھائے گئے اقدامات روکنا ہوں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=329052