پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر آواز اٹھاتا رہے گا، وزیر خارجہ ای سی او کونسل آف منسٹرز کے اجلاس میں شرکت کیلئے 25 جنوری کوتاشقند جائیں گے،ترجمان دفتر خارجہ

150
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے "عوام کے حق خود ارادیت کے عالمی حصول"سے متعلق پاکستان کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ علاقہ میں انسانی حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیوں پر آواز اٹھاتا رہے گا، پاکستان اور چین نے خنجراب بارڈر کو دو مرحلوں میں عارضی طور پر کھولنے پر اتفاق کیا ہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی کونسل آف منسٹرز کے 26ویں اجلاس میں شرکت کے لیے 25 جنوری کو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند کا سرکاری دورہ کریں گے، پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن (آئی جی سی) کے تجارت، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون کا آٹھواں اجلاس (کل) جمعہ کو اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگا۔

جمعرات کو یہاں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے ظلم و ستم جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے دو کشمیری نوجوانوں کو ضلع بڈگام میں ایک جعلی مقابلے میں گاڑی سے اتار کر گولی مار کر شہید کردیا جبکہ ایک 75 سالہ زیر حراست قیدی محمد مقبول خان کی کپواڑہ جیل میں تشدد کے باعث موت واقع ہوگئی۔

ترجمان نے کہا کہ انہیں اور ان کے تین بیٹوں کو گزشتہ سال اگست میں فرضی الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا تھا، کپواڑہ کے کنن گائوں میں ایک خاندان گزشتہ ایک ماہ سے اپنے بیٹے اور بھائی عبدالرشید ڈار کی تلاش میں ہے جسے بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں نے 15 دسمبر کو گرفتار کیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں سینکڑوں افراد بھارتی سکیورٹی فورسز کی تحویل میں لاپتہ ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معتبر اعداد و شمار کے مطابق 1989 سے اب تک مقبوضہ علاقہ میں تقریباً آٹھ ہزارافراد لاپتہ ہوچکے ہیں، پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیوں پر آواز اٹھاتا رہے گا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جموں و کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کے لئے ڈیووس میں ہیں، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی کانگو کے صدر اور دیگر ملکوں کے رہنمائوں کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ فورم کے موقع پروزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جمہوریہ کانگو کے صدر کے علاوہ چین کے نائب وزیر اعظم لیو ہی کے علاوہ سپین، سعودی عرب، بیلجیم، فن لینڈ اور ہالینڈ کے وزراء خارجہ سے ملاقاتیں کیں، ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ نے کارپوریٹ ایگزیکٹوز، بین الاقوامی اداروں کے سربراہوں اور میڈیا اور سول سوسائٹی کی سرکردہ شخصیات سے بھی بات چیت کی۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور چین نے خنجراب بارڈر کو دو مرحلوں میں عارضی طور پر کھولنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں خنجراب بارڈر دو دن کے لئے 19 اور 20 جنوری اور دوسرے مرحلے میں اس سال جنوری کے آخر سے فروری کے اوائل تک چین کے بہار کے تہوار کے بعد کھلے گا۔ پاکستان اور چین کے درمیان خنجراب بارڈر ہر سال سردیوں کے مہینوں میں بند رہتا ہے۔ چین نے مقامی تاجروں کی سہولت کے لیے سرحد کو عارضی طور پر دوبارہ کھولنے کی پاکستانی درخواست پر اتفاق کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ہم خراب موسمی حالات کے باوجود بارڈر آپریشنز کو یقینی بنانے کے لیے دونوں طرف کے سرحدی حکام کی خصوصی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی کونسل آف منسٹرز کے 26ویں اجلاس میں شرکت کے لیے 25 جنوری کو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان ان دنوں سرکاری دورے پر برسلز میں ہیں، یہ دورہ یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں سفیر کے طور پر ان کے دور کا ایک اہم سنگ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ نے گزشتہ چند دنوں کے دوران یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کے رہنمائوں اور اعلیٰ سطحی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور ان سے دو طرفہ اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ نے پاکستان بیلجیئم پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی چیئر سینیٹر ایلیسیا کلیز اور بیلجیئم کے فلینڈرس ریجن کے صدر جان جیمبون سے ملاقاتیں کیں۔

انہوں نے یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کے سیکرٹری جنرل سانینو اور لکسمبرگ کی وزارت خارجہ میں سیکرٹری جنرل اولنگر سے بھی ملاقات کی ۔ سیکرٹری خارجہ نے یورپی یونین کے سینئر عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں جن میں سائمن مورڈیو چیف فارن پالیسی ایڈوائزر برائے یورپی کونسل کے صدر کے علاوہ یورپی کمیشن کے صدر کے سفارتی مشیر فرنینڈو گیماریس بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن (آئی جی سی) کے تجارت، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون کا آٹھواں اجلاس (آج) جمعہ کو اسلام آباد میں اختتام پزیر ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ دو روزہ اجلاس میں پاکستان کی طرف سے آئی جی سی کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق جبکہ روسی وفد کی قیادت وزیر توانائی نکولائی شولگینوف کر رہے ہیں۔

آئی جی سی ایک جامع دوطرفہ میکانزم ہے جو باہمی تعاون کے اہم مسائل بشمول تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، ریلوے اور توانائی پر بامعنی بات چیت کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ آئی جی سی آخری بار نومبر 2021 میں روس میں منعقد ہوا تھا۔ آئی جی سی کا جاری اجلاس 20 جنوری کو اختتام پذیر ہوگا۔