اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی): پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے، حالیہ دنوں میں بھارتی قابض فورسز نے راجوری، کپواڑہ اور بارہمولہ کے اضلاع میں 6 کشمیری نوجوانوں کو قتل کیا جبکہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں،
اس دوران مقامی آبادی کو ہراساں کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے آزادی کے حامی کارکن فیاض احمد ماگرے کی6دکانیں ضبط کر لی ہیں۔ انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی یہ خلاف ورزیاں ختم ہونی چاہئیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=363026