پاکستان بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا، ممتاز زہرہ بلوچ

160
پاکستان بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا، ممتاز زہرہ بلوچ

اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):پاکستان نے کہا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ ترجمان نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام پر ہمیں بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھنا چاہیے۔

اس مقدس مہینے کے دوران بھی قابض بھارتی حکام نے مذہبی آزادی پر قدغنیں اور پابندیاں لگا رکھی ہیں، گزشتہ ہفتے قابض حکام نے کشمیریوں کو سری نگر کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا، اسی طرح 27 رمضان المبارک کی مقدس رات کو منائی جانے والی شب قدر کے موقع پر مساجد کے ارد گرد سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات تھی۔

ترجمان نے کہا کہ ہم بھارتی حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ کشمیریوں پر عائد پابندیوں کو ختم کریں جو انہیں آزادی سے اپنے مذہب پر عمل کرنے سے روکتی ہیں۔ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔