لاہور۔1نومبر (اے پی پی):پاکستان بھرمیں بسنے والی ہندو برادری نے اپنا مذہبی تہوار دیوالی روایتی جوش و خروش سے منایا ۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام مرکزی تقریب کرشنا مندر راوی روڈ لاہور میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان بھر سے ہندو برادری نے شرکت کی۔
ہندو برادری کے مرد و خواتین نے مذہبی روایات کے مطابق دیوالی کے دیے روشن کیے ۔ اس موقع پر وطن عزیز کے امن و سلامتی کے لیے خصو صی پوجا بھی کی گئی، کرشنا مندر کے اطراف میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، متروکہ وقف املاک کے ممبر بورڈ سہیل رضا ،ڈپٹی سیکرٹری شرانئز امجد الطاف اعوان ، اسسٹنٹ سیکورٹی افسر شرانز عاصم چوہدری پی آر او غلام محی الدین ،ہندو رہنما اروون کماراور اتحاد بین المسلمین کے ممبران،سکھ اور عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والی دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید عطا الرحمن نے پاکستان میں بسنے والی ہندو برادی کو دیوالی کے موقع پر مبارکباد د ی اور اپنے پیغام میں کہا کہ آج پاکستان میں اقلیتیں اور انکی عباد ت گاہیں پہلے کی نسبت زیادہ محفوظ ہیں اورپاکستان میں اقلیتوں کی اپنی ایک الگ پہچان ہے، ہم سب ان کی خوشیوں میں شریک ہیں۔
دیوالی کی تقریب میں شریک ہندو برادری کے افراد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے ہمارے مذہبی تہوار پر بہترین انتطامات کیے اور ہمارے اس تہوار کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے جس پر ہماری پوری ہندو برادری حکومت پاکستان ،چیئرمین بورڈ اور ایڈیشنل سیکرٹری سیف اللہ کھو کھر کا خصوصی شکریہ ادا کرتی ہے ۔تقریب میں شریک خواتین اور بچوں نے رنگ برنگے ملبوسات پہنے اور دیوالی کی مناسبت سے دیے ،بھلچھڑیاں روشن کیں۔