راولپنڈی۔ 28 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہاکہ پاکستان بھر کی طرح ضلع راولپنڈی میں 2 اکتوبر سے 7 روزہ پولیو مہم کا آغاز کیا جارہا ہے، اجلاس میں 5 سال سے کم عمر10 لاکھ 15ہزار 262 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اہداف کے حصول کے لیے 4 ہزار 199 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کے دوران افسران فیلڈ وزٹ کرکے کام کا جائزہ لیں سٹاف کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت پولیو کے حوالے سے زیرو ٹالرونس پالیسی پر عمل پیرا ہے کسی بھی افسر یا اہلکار کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے منعقدہ انتظامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مجاہد عباس، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز، فوکل پرسن ڈاکٹر احسان، ڈیبلیو ایچ او کی نمائندہ ڈاکٹر شمائلہ، ڈی ڈی ایچ اوز سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ مہم کے پہلے دن کوئی بھی کسی وجہ سے پولیو ویکسین کے قطرے پینے سے رہ جائے اگلے روز ہر صورت ویکسین کے قطرے پلائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ بوگس انٹری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور ٹیموں کے ساتھ اپنا تعاون فراہم کریں۔