پاکستان بیت المال غریب اور مستحق مریضوں کے بون میرو ٹرانسپلانٹ کے لئے پاکستان تھیلی سیمیا ویلفیئر سوسائٹی کی معاونت کرے گا

144

اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):پاکستان بیت المال غریب اور مستحق مریضوں کے بون میرو ٹرانسپلانٹ کے لئے پاکستان تھیلیسیمیا ویلفیئر سوسائٹی (پاتھ وِل)کی معاونت کرے گا۔ اس سلسلے میں پاکستان بیت المال کے صدر دفتر میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی ایک تقریب منعقد ہوئی ۔منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ اور پاتھ وِل کے صدر میجر جنرل (ر) صہیب احمد نے دستخط کئے۔

مفاہمتی یادداشت کے مطابق کے مطابق پاکستان بیت المال کی طرف سےپاتھ وِل سے تجویز کردہ غریب اور مستحق مریضوں کے بون میرو ٹرانسپلانٹ کے لیے تعاون کرے گا۔ اس موقع پر پاتھ وِل کے نائب صدر ڈاکٹر جمال ناصر بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹرپاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ نے کہا کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ جیسا مہنگا علاج ایک غریب خاندان برداشت نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال کی طرف سے کینسر، امراض ِ دل، گردہ، ہیپاٹائٹس اور دیگر امراض میں مبتلا غریب مریضوں کے علا ج کے ساتھ ساتھ تھیلیسمیا کے مریضوں کے علاج، ادویات اور انتقال ِ خون کے لیے سہولیات فراہم کر رہا ہے۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے میجر جنرل (ر) صہیب احمد نے کہا کہ پاتھ وِل ہیماٹالوجی اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کا ایک منفرد ادارہ ہے جہاں خون کے امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے اس موقع پر ایم۔ڈی پاکستان بیت المال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کی اظہار کیا پاکستان بیت المال کے تعاون سے کئی مستحق مریضوں کا بون میرو ٹرانسپلانٹ ممکن ہوجائے گا۔