
اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی) پاکستان بیت المال (پی بی ایم) نے قائداعظم یونیورسٹی کے مستحق طالب علموں کیلئے سکالرشپ کی سالانہ گرانٹ 50 لاکھ روپے تک بڑھا دی ہے۔ جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق پی بی ایم کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباسی بپی اور قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جس کا مقصد ہونہار اور مستحق طالب علموں کی مدد کرنا ہے۔ ایم ڈی بیت المال نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا اثاثہ ہوتے ہیں اور مستحق طالب علموں کی مدد کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ان کی مالی مشکلات کم ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان معاشرہ کے غریب طبقہ کا معیار زندگی بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں۔ اس موقع پر قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ایم ڈی بیت المال کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے مستحق طالب علموں کو اپنی تعلیم مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔