پاکستان بیت المال کی جانب سے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کے سکیورٹی گارڈ طارق محمود کو علاج معالجہ کیلئے مالی امداد کا چیک دیا گیا

61
پاکستان بیت المال کی جانب سے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کے سکیورٹی گارڈ طارق محمود کو علاج معالجہ کیلئے مالی امداد کا چیک دیا گیا

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):پاکستان بیت المال کی جانب سے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کے سکیورٹی گارڈ طارق محمود کو علاج معالجہ کیلئے مالی امداد کے تحت چیک حوالے کر دیا گیا ہے۔

جمعرات کو پاکستان بیت المال کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان بیت المال کے مینجنگ ڈائریکٹر عامر فدا پراچہ نے مالی اعانت کا چیک طارق محمود کے حوالے کیا جو شدید بیمار ہیں۔

واضح رہے کہ ایم ڈی بیت المال نے اخبار میں بینظیر بھٹو شہید کے سابق سکیورٹی اہلکار کی بیماری کے حوالے سے خبر پڑھی جس میں کہا گیا تھا کہ ان کے پاس علاج کیلئے وسائل دستیاب نہیں ہیں۔ اس کے بعد عامر فدا پراچہ نے پاکستان بیت المال کی طرف سے علاج کیلئے مالی معاونت کا چیک جمعرات کو ان کے حوالے کیا۔

بیان کے مطابق طارق محمود بینظیر بھٹو شہید پر ہونے والے 27 دسمبر 2007 کے لیاقت باغ حملہ کے دوران زخمی بھی ہوئے تھے۔ اس موقع پر عامر فدا پراچہ نے کہا کہ طارق محمود پاکستان پیپلز پارٹی کا اثاثہ ہیں اور اس طرح کے مخلص کارکنوں کو اکیلا نہیں چھوڑا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ میرا مشن معاشرے کے کم آمدنی والے اور غریب طبقات کو سہولیات کی زیادہ سے زیادہ فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے غریب عوام کا حق ہے کہ ان کو بیت المال کی جانب سے علاج کی مفت سہولیات فراہم کی جائیں۔