اسلام آباد ۔ 13 جون (اے پی پی) پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کی روشنی میں ملک کے نادار اور معذور افراد کی دیکھ بھال اور بحالی کے یقینی اقدامات اٹھانے کےلئے پرعزم ہیں، نرم ہسپتال کا میڈیکل اور نان میڈیکل عملہ معذور افراد کی دیکھ بھال میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی ادارہ برائے بحالی معذوراں (نرم) ہسپتال میں معذور افراد میں 200 ویل چیئرز کی تقسیم کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایم ڈی بیت المال کے علاوہ پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نرم ڈاکٹر فضلِ مولا اور ترکی کی فلاحی تنظیم ٹائیکا کے پروگرام کوآرڈینیٹر گو کھن اُمت نے شرکت کی۔ تقریب میں ترکی کی فلاحی تنظیم ترکش کوآرڈینیشن اینڈ کوآپریشن ایجنسی (ٹائیکا) کی جانب سے معذور افراد میں 200 ویل چیئرز سمیت سٹریچرز بھی تقسیم کئے گئے۔ ترکی کے سفیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیت المال غریب افراد کی بحالی کےلئے بہترین خدمات انجام دے رہا ہے۔