اسلام آباد ۔ 27 مارچ (اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان بیرونی خلاءمیں اسلحے کی دوڑ روکنے کی مکمل حمایت کرتا ہے، خلا انسانیت کا مشترکہ ورثہ ہے اور اس میدان میں فوجی مقاصد کیلئے سرگرمیوں سے اجتناب تمام اقوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بدھ کو ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ بین الاقوامی سپیس قوانین میں موجود ابہام کو دور کرنے کی ضرورت ہے جو اس بات کو یقینی بنائے کہ کوئی بھی ملک پرامن سرگرمیوں اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال کو خطرات سے دو چار نہ کر سکے۔ ترجمان نے توقع ظاہر کی کہ وہ ممالک جنہوں نے ماضی میں اس قسم کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی سخت مذمت کی تھی، وہ بیرونی خلا سے متعلق فوجی خطرات کی روک تھام کی غرض سے بین الاقوامی انسٹرومنٹ تیار کرنے کیلئے کام کریں گے۔