اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے،انہوں نے اعتماد سازی کے اقدامات کے ذریعے علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ایشیا میں امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے کانفرنس برائے ایشیائی روابط اور اعتماد سازی اقدامات (سیکا )کے بنیادی مقصد کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا ۔
جمعرات کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کانفرنس برائے ایشیائی روابط اور اعتماد سازی اقدامات (سیکا) کے سیکرٹری جنرل سفیر کیرات سری بے نے یہاں ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے اعتماد سازی کے اقدامات کے ذریعے علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ایشیا میں امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے (سیکا)کے بنیادی مقصد کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تنازعات کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے، تنازعات سے بچائو کی حکمت عملیوں پر عمل پیرا ہونے اور خطے میں دیرپا امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے طویل مدتی حل تیار کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ 2025-26 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پاکستان بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ وزیراعظم نے علاقائی روابط بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار بھی کیا اور اس سلسلے میں سیکا کی جاری کوششوں کی تعریف کی۔سیکرٹری جنرل سری بے نے وزیراعظم کو سیکا کی جاری سرگرمیوں اور اقدامات کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لیے مجوزہ وژن کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے سیکا میں پاکستان کے فعال اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے قریبی تعاون جاری رکھنے کی امید ظاہر کی
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=496498