پاکستان بین الاقوامی انسانی حقوق کے فریم ورک کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

152

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے متعدد قانون سازی، ادارہ جاتی اور پالیسی اقدامات کے ذریعے انسانی حقوق کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں اہم پیشرفت کی ہے اور وہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے فریم ورک کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کے عالمی منشور (یو ڈی ایچ آر) کو اپنانے کی 76 ویں سالگرہ کے موقع پر آج انسانی حقوق کا عالمی دن منانے میں عالمی برادری کے ساتھ شامل ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن بین الاقوامی برادری کے انسانی وقار کے احترام اور اسے برقرار رکھنے اور بغیر کسی امتیاز کے انسانی حقوق کے ایجنڈے کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی علامت ہے

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے دن کے لئے اس سال کا تھیم، ’’ہمارے حقوق، ہمارا مستقبل، ابھی،‘‘ مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے لے کر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر تک دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کے لئے متعلقہ ہے جو حق خود ارادیت کے لئے اپنی منصفانہ جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ قبضے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اسلامو فوبیا میں خطرناک حد تک اضافہ امتیازی قوانین، پاپولسٹ سیاست اور زینو فوبک بیانیہ کی وجہ سے ہوا ہے جو بین الاقوامی برادری کے لئے بھی ایک چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے متعدد قانون سازی، ادارہ جاتی اور پالیسی اقدامات کے ذریعے انسانی حقوق کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں اہم پیش رفت کی ہے اور وہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے فریم ورک کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سرپرستی میں انسانی حقوق کے طریقہ کار کے ساتھ تعمیری طور پر مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن پاکستان نسل، مذہب، جنس یا قومیت سے قطع نظر تمام افراد کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔