پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن ملک میں کھیلوں کی ترقی و فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے،وفاقی وزیربین الصوبائی رابطہ

81

اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):15ویں کورین ایمبیسڈر قومی سنیئر تائیکوانڈو چیمپئن شپ 2022 میں پاکستان آرمی کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور اس نے 23 گولڈ میڈلز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے، پاکستان واپڈا دوسرے اور پاکستان ایئرفورس تیسرے نمبر پر ہے، چیمپئن شپ کے دلچسپ مقابلے شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس، راولپنڈی میں جاری ہیں،

ہفتہ کو کورین ایمبیسی اور کمبیکس سپورٹس کے زیر اہتمام رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانان خصوصی بین الصوبائی رابطہ کے وفاقی وزیر احسان الرحمان مزاری اور کوریا کے سفیر ایچ ای سوہ سنگ پیو تھے، چیمپئن شپ میں پاکستان آرمی، پاکستان ایئر فورس، پاکستان نیوی، پاکستان واپڈا، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، ٹورنامنٹ کے دوسرے روز پاکستان آرمی کے مرد و خواتین کھلاڑی چھائے رہے،

مختلف کیٹگریز کے مقابلوں میں آرمی نے مجموعی طور پر 23 گولڈ اور 3 سلور میڈلز حاصل کئے، اس طرح وہ 735 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، پاکستان واپڈ ایک گولڈ، 16 سلور اور 6 برانز میڈلز حاصل کر کے 417 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ پاکستان ایئرفورس ایک گولڈ، 2 سلور اور 12 برانز میڈلز جیت کر 165 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کی جانب سے ایونٹ کے غیرمعمولی انتظامات پر بے حد خوشی محسوس کر رہا ہوں،تائیکوانڈو فیڈریشن ملک میں کھیلوں کی ترقی و فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تائیکوانڈو کھیل میں بتدریج بہتری آ رہی ہے اور فیڈریشن کی کوششوں کی بدولت قومی تائیکوانڈوٹیمیں بین الاقوامی مقابلوں میں نہ صرف بھرپور شرکت کر رہی ہیں بلکہ اچھے نتائج بھی دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم رواں سال شیڈول سائوتھ ایشین اور اسلاملک گیمز میں بھی شرکت کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میں رواں سال نومبر میں شیڈول چوتھی کمبیکس ایشین تائیکوانڈو اوپن چیمپئن شپ اور 2023میں پانچویں ایشین اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ کی میزبانی کی بڈ جیتنے پر پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان چیمپئن شپس کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے فیڈریشن کے ساتھ بھرپور تعاون کروں گا،میں خودلیاقت جمنیزیم پی ایس بی سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ان ایونٹس کی نگرانی کروں گا،یہ اایونٹس پاکستان میں کھیلوں کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہوں گے اور یقیناً دوسری فیڈریشنز بھی پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے نقش قدم پر چلیں گی۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن حکام نے مجھے اولمپک مارشل آرٹس کوفروغ دینے کیلئے کورین ایمبیسی اور کورین حکومت کی طرف سے کی گئی کوششوں کے بارے آگاہ کیا۔