پاکستان تحریک انصاف بلوچستا ن کے صدر سردار یار محمد رند اورمرکزی رہنما نعیم الحق کی بی این پی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل سے ملاقات، حکومت سازی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا

102

اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف بلوچستا ن کے صدر سردار یار محمد رند اور پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے جمعرات کو بلوچستا ن ہاﺅس میں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل سے ملاقات کی جس میں حکومت سازی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے سردار اختر مینگل کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی دعوت دی۔ پی ٹی آئی وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار اخترمینگل نے کہا کہ اتحاد میں شمولیت کی دعوت پر تحریک انصاف کے وفد کا مشکور ہوں، پی ٹی آئی سے مثبت جواب ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف کے سامنے بلوچستان کے مسائل رکھے ہیں، لاپتہ افراد کی بازیابی اور سی پیک پر عملدرآمد کا بھی ہم نے مطالبہ کیا ہے لہٰذا ہمیں مثبت جواب ملا تو ساتھ دینے کو تیار ہیں۔