پاکستان تحریک انصاف سندھ کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی اور سندھ کے عوام کو حقوق کی فراہمی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

75

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی اور سندھ کے عوام کو حقوق کی فراہمی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سندھ افیرز ڈاکٹر ارباب غلام رحیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو ان سے ملاقات کی۔ملاقات کےدوران "سندھ حقوق مارچ” کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے "سندھ حقوق مارچ” کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف مخدوم شاہ محمود قریشی کو مفصل بریفنگ دی۔وزیر خارجہ نے سندھ حقوق مارچ کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے پسے ہوئے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی اور سندھ کے عوام کو حقوق کی فراہمی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔