پاکستان تحریک انصاف قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، احتساب کے عمل پر سمجھوتہ نہیں ہو گا، وزیراعظم عمران خان کسی سے بلیک میل نہیں ہو سکتے، وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل

119

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، وزیراعظم عمران خان نے ملک میں انصاف، بلا تفریق احتساب اور قانون کی حکمرانی کے لئے 23 سال جدوجہد کی ہے، احتساب کے عمل پر سمجھوتہ نہیں ہو گا، وزیراعظم عمران خان کسی سے بلیک میل نہیں ہو سکتے، بیرسٹر علی ظفر کی رپورٹ کا جہانگیر ترین کے مقدمہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جا رہا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عدلیہ اور تمام قومی اداروں کا احترام کرتی ہے، قانون کے سامنے سب برابر ہیں، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، جو بھی ہوگا آئین و قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ہوگا اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) نے عدالتوں پر حملے کئے، مسلم لیگ (ن) ہر اس مقدمے پر بات کرتی ہے جو کسی دوسرے پر ہو لیکن جو مقدمات شہباز شریف پر ہوں یا جن مقدمات میں نواز شریف اشتہاری قرار دیئے گئے ہوں ان مقدمات پر بات نہیں کرنا چاہتی۔

وزیر مملکت زرتاج گل نے کہا کہ شوگر کے حوالے سے کابینہ کے سامنے 29 بلین روپے کی سبسڈی کا کیس آیا تھا، جس میں سے موجودہ حکومت نے صرف 3 ارب روپے کی سبسڈی دی تھی، 27 بلین کی سبسڈی مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے اپنے لوگوں کو دی تھی، اس کے اندر جہانگیر خان ترین کا نام بھی آیا، جہانگیر ترین کے مقدمے کا فیصلہ عدالتیں ہی کریں گی،

وزیراعظم عمران خان نہ کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہیں اور نہ ہی وہ عدالتوں کے فیصلوں پر اثر انداز ہوتے ہیں، جہانگیر ترین کے حوالے سے قانون اپنا راستہ خود لے گا۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین اور ان کے ساتھیوں کو یہ شکایت تھی پارٹی کے اندر ان کے ساتھ انصاف نہیں ہو رہا، پارٹی کے حوالے سے سیاسی معاملات کو دیکھنے کے بیرسٹر علی ظفر کی خدمات لی گئیں، بیرسٹر علی ظفر کی رپورٹ کا جہانگیر ترین کے مقدمہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔