پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، عوام پاکستان تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں، وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود

50
زرداری ٹولے کا مشن کرپشن اور لوٹ مار ہے ،پیپلزپارٹی کا نام نہاد لانگ مارچ شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا،عوام ظالم لٹیروں سے سندھ کی پسماندگی کا حساب لیں گے،وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، عوام پاکستان تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں، کنٹونمنٹ کے انتخابات میں مجموعی طور پر تحریک انصاف کی سیٹوں میں اضافہ ہوا ہے، الیکشن کمیشن کا کردار ایسا ہونا چاہیے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس پر اعتماد ہو، حکومت ایک ایسا انتخابی نظام لانا چاہتی ہے جس پر سب کو اعتماد ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں لیکن مجموعی طور پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ہی کامیاب ہوئے ہیں، یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اب ملک کے تمام حصوں میں ایک ملک گیر سیاسی جماعت بن کر ابھر رہی ہے اور مجموعی طور پر ہم کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات سے مطمئن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام پاکستان تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں، اگر عوام میں پی ٹی آئی پر اعتماد کا فقدان ہوتا تو پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت نہ ہوتی، کراچی میں پی ٹی آئی کی حکومت نہیں ہے لیکن وہاں 4 میں سے 3 کنٹونمنٹ کے الیکشنز میں پی ٹی آئی کامیاب ہوئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کردار نیوٹرل ہونا چاہیے، الیکشن کمیشن ایک قومی ادارہ ہے اور اس کو کسی کی بھی پارٹی نہیں ہونا چاہیے، الیکشن کمیشن کا کردار ایسا ہونا چاہیے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس پر اعتماد ہو۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے جتنے بھی سوال اٹھائے گئے ان سب کے جواب دیئے گئے ہیں، اگر ناصر الملک کمیشن کی رپورٹ میں انتخابی عمل میں جن بے قاعدگیوں کے بارے میں بتایا گیا ہے وہ ساری بے قاعدگی الیکشن کے ووٹنگ کے پراسیس اور اس کے بعد کی ہیں، انتخابی نظام کی ان بے قاعدگیوں کا خاتمہ کرنے کے لئے ہم الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم پر جانا چاہتے ہیں، حکومت ایک ایسا انتخابی نظام لانا چاہتی ہے جس پر سب کو اعتماد ہو۔