پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہے، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

82

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہے، اپوزیشن پہلے دن سے کہتی رہی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نہیں چل سکے گی، ہمارے خلاف استعفے، دھرنے، جلسے جلوس کر کے بھی اپوزیشن نے دیکھ لیا، ہمارے خلاف آر یا پار کی باتیں کرنے والے خود خوار ہو کر رہ گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن کی جانب سے کوئی چیلنج درپیش نہیں ہے، جب سے پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی ہے تو پہلے دن سے اپوزیشن کا یہی کہنا تھا کہ یہ حکومت نہیں چلے گی، اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد، سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف عدم اعتماد، استعفے، لانگ مارچ اور جلسے جلوس بھی کر کے دیکھ چکی ہیں، حکومت کے خلاف آر یا پار کرنے کی باتیں کرنے والے آج خود بری طرح خوار ہو رہے ہیں، اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے کی اپوزیشن بنی ہوئی ہیں،

اپوزیشن کے جلسے یا جلوسوں سے حکومت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیانیہ کا وزن ان کی اپنی جماعت کے لوگ اٹھانے کے لئے تیار نہیں ہیں، ہمیں تو یہ ہی پتہ نہیں چلتا کہ مسلم لیگ (ن) کے اصل صدر کون ہیں، وہ شہباز شریف ہیں یا مریم نواز ہیں؟، مسلم لیگ (ن) کی لیڈرشپ کنفیوژن کا شکار ہے، کوئی مفاہمت کی بات کرتا ہے تو کوئی مزاحمت کی بات کرتا ہے۔