اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنے سیاسی مخالفین سے بالکل خوفزدہ نہیں ہے، آئندہ بجٹ 11 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، آئندہ مالی بجٹ 2021-22ء بآسانی سے منظور کرا لیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے اصولوں کے ساتھ کھڑے ہیں، لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف پورے بلا تفریق احتساب کے عمل پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنما کبھی بھی اسمبلیوں سے استعفے نہیں دیں گے، پی ڈی ایم اب محض مولانا فضل الرحمن تک ہی محدود ہو چکی ہے، مولانا فضل الرحمان اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لئے مدارس کے طلبا کو استعمال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ماضی میں کئے گئے اپنے ہر کام کے لئے جواب دینا ہوگا۔